عمران خان اور تحریک انصاف کے لیڈروں کو الیکشن کمیشن کی توہین کا نوٹس

  • جمعہ 19 / اگست / 2022

 پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو تقاریر میں غیر پارلیمانی زبان اور توہین آمیز بیانات پر توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں کو 30 اگست 2022 کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 30 اگست 2022 کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اسد عمر اور فواد چوہدری کو بھی ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونےکی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر بھجوایا گیا ہے۔ عمران خان نے 12جولائی کو بھکر جلسہ میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔

نوٹس کے مطابق عمران خان نے بھکر جلسہ میں الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے۔ عمران خان نے 18 جولائی کو عوام سے خطاب میں بھی توہین آمیز ریمارکس اور الزامات لگائے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 21 اور 27 جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 30 اگست صبح 10بجے ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔ نوٹس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے توہین آمیز ریمارکس اور الزامات کا بھی حوالہ دیا۔