پنجابی کینیڈا کی دوسری سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان بن گئی
شماریات کینیڈا کی جاری کردہ مردم شماری کے نئے اعداد و شمار کے مطابق کینیڈا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی غیرسرکاری زبانوں میں مینڈیرن کے بعد پنجابی زبان دوسرے نمبر پر ہے۔
18 اگست کو جاری ہونے والی 2021 کی مردم شماری میں معلوم ہوا کہ 4کروڑ 6 لاکھ کینیڈین بنیادی طور پر گھر میں انگریزی یا فرانسیسی زبانوں کے علاوہ کوئی دوسری زبان بولتے ہیں۔ ان میں سے اردو کینیڈا میں بولی جانے والی 12 زبانوں کی درجہ بندی میں پانچویں زبان ہے۔
کینیڈا میں مینڈیرن یا پنجابی بولنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس میں 2016 میں تقریباً 6لاکھ 10ہزار افراد مینڈیرن بولتے تھے لیکن اب یہ تعداد 2021 میں بڑھ کر 7لاکھ 30ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ پنجابی بولنے والوں کی تعداد 5لاکھ 43ہزار سے بڑھ کر 7لاکھ 63ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ مردم شماری میں شمار کیے گئے پنجابی دراصل بھارت سے آئے ہیں جو گورمکھی پنجابی زبان بولتے ہیں۔
دیگر جنوبی ایشیائی زبانیں بولنے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ان میں ہندی بولنے والے (1لاکھ 33ہزار سے بڑھ کر 2لاکھ 24ہزار )، ٹیگالوگ بولنے والے (5لاکھ10ہزار سے بڑھ کر 5لاکھ 90ہزار) اور اردو (2لاکھ 43ہزار سے بڑھ کر 2لاکھ 97ہزار) ہو گئے ہیں۔
ایک اور اندازے کے مطابق پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے اور اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کینیڈا میں 5لاکھ سے 6لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔
مردم شماری کے نتائج کے مطابق مئی 2016 سے دسمبر 2020 تک کینیڈا پہنچنے والے مستقل باشندوں میں سے تقریباً ایک چوتھائی جنوبی ایشیائی ممالک میں پیدا ہوئے۔
کینیڈا کی آبادی کی اکثریت عام طور پر بات چیت اور خدمات تک رسائی کے لیے انگریزی اور فرانسیسی کا استعمال کرتی ہے۔ دونوں زبانیں ملک بھر میں بولی جاتی ہیں۔ انگریزی کیوبیک میں اقلیتی زبان ہے، جبکہ فرانسیسی دیگر صوبوں اور خطوں کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر کینیڈا میں اقلیتی زبان ہے۔
کینیڈین اعدادوشمار کے مطابق 2016 سے 2021 تک گھر پر جنوبی ایشیائی زبان بولنے والے کینیڈین شہریوں کی تعداد میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا۔ جیسے کہ گجراتی، پنجابی، ہندی یا ملیالم، درحقیقت، اس عرصے کے دوران ان میں سے ایک زبان بولنے والی آبادی کی شرح نمو کینیڈا کی مجموعی آبادی سے کم از کم آٹھ گنا زیادہ تھی۔ اس کے برعکس، ان کینیڈین افراد کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جو گھر میں بنیادی طور پر کچھ یورپی زبانیں ، جیسے اطالوی، پولش اور یونانی وغیرہ بولتے تھے۔
کینیڈین کی ایک بڑی اکثریت کینیڈا کی دو سرکاری زبانوں میں سے کم از کم ایک زبان جانتی اور بولتی ہے۔ 2021 میں کینیڈا میں 98.1 فیصد آبادی انگریزی یا فرانسیسی میں گفتگو کر سکتی تھی اور 92.9 فیصد ان میں سے ایک زبان کم از کم گھر پر مستقل طور پر بولتے تھے۔