عمران خان کی دھمکیوں پر اسلام آباد پولیس کارروائی کرے گی

  • اتوار 21 / اگست / 2022

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے خلاف دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی پولیس کو دھمکی دے گا یا جھوٹے الزامات لگائے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

خیال رہے کہ عمران نے گزشتہ رات ایک ریلی میں دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد پولیس ان کی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے احکامات کسی دوسری جگہ سے لے رہی ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا۔

شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا تھا کہ 'جب میں نے پولیس سے پوچھا کہ مجھے بتائیں کہ آپ نے شہباز گل کے ساتھ کیا کیا، تو انہوں نے کہا کہ 'ہم نے کچھ نہیں کیا، ہمیں پیچھے سے حکم ملا ہے'۔ عمران خان نے عدلیہ کو بھی اپنی پارٹی کے ساتھ متعصبانہ رویے پر خبردار کیا، اور کہا کہ اسے اپنے آپ کو نتائج کے لیے تیار رکھنا چاہیے۔

سابق وزیر اعظم نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری کو بھی خبردار کیا، جنہوں نے کیپٹل پولیس کی درخواست پر شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ اور کہا کہ وہ 'خود کو تیار کریں کیونکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی'۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے، کیپٹل پولیس نے ٹوئٹ بیان میں کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔ 'ہم ہر حال میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھائے ہوئے ہیں، تمام آفیسرز اور جوان پوری ذمہ داری سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'پولیس ایک منظم ادارہ ہے۔ ہم ہر حال میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے پابند ہیں اور کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے'۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس بحیثیت ادارہ تمام جھوٹے الزامات کے خلاف قانون کے مطابق عمل کرے گی'۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ 'مجسٹریٹ اور پولیس افسران کو دھمکی دینے اور گالی دینے' پر عمران کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو بغاوت کو ہوا دے کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پاکستان اور اس کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ قومی اداروں اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرکے وہ عوام کو تشدد، لاقانونیت، بغاوت اور فساد پر اکسا رہا ہے۔ عمران خان ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔