شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا

  • سوموار 22 / اگست / 2022

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے مقدمے میں رہنما پاکستان تحریک انصاف شہباز گِل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

پیر کے روز شہبازگل کو سخت سیکیورٹی میں پمز ہسپتال سے اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ لایاگیا۔ اس موقع پر اسلام آباد کچہری میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔ اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کی بھاری نفری کچہری میں موجود تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں 9 اگست کو حراست میں لیا تھا۔ عدالتی حکم کے مطابق ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں شہبازگل کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی، شہباز گل سے 5 وکالت نامے دستخط کروایے گئے۔

وکلا نے کہا کہ ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ وکلا سے ملنے کی اجازت دی جائے لیکن نہیں ملنے دیا جا رہا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ کدھر ہے، اس کو دیکھ کر حکم دوں گا۔ آپ کہہ رہے ہیں تشدد ہے، اس کو ہتھکڑی نہیں لگائی، پولیس والے اس کے ساتھ نہیں ہیں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ یہ اچھی بات ہے کہ اس کی صحت اچھی ہو گئی ہے۔ شہباز گل کو کمرہ عدالت میں بیٹھا دیا جائے۔ اس دوران اسلام آباد کچہری میں پولیس اور میڈیا نمائندوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

بعد ازاں، شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت شروع ہوئی، ڈاکٹر بابر اعوان اور فیصل چوہدری بھی جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پہنچ گئے۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ابھی فیصلہ محفوظ ہے، اس لیے ہم ادھر پیش ہوئے ہیں۔ ملزم عدالت کا پسندیدہ بچہ ہوتا ہے، پولیس جسمانی ریمانڈ تشدد کے لیے مانگ رہی ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ میں تو ابھی فائل دیکھ کر ہی فیصلہ کروں گا، شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ آپ کے پاس فائل نہیں آئے گی۔ جج نے کہا کہ تفتیشی بتا رہے ہیں، وہ ہائیکورٹ میں ہے اور ریکارڈ بھی ادھر ہی ہے۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔