خیبر پختونخوا حکومت ریاستی اداروں کے خلاف بیانات پر پی ڈی ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمے درج کرے گی
وزیر اعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں کے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر مقدمات درج کرے گی۔
ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کریمنل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت درج کیے جارہے ہیں۔ مقدمات درج کرنے کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈی آئی خان منیر احمد کو پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت اختیارات تفویض کیے گئے ہیں جب کہ مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشنز 108اے 153اے اور 505کے تحت درج کیے جائیں گے۔
انہوں کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، سابق وفاقی وزیر و رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کی شکایت پر مقدمات درج کریں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مقدمات ماضی میں فوج، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف دیے گئے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کی بنا پر درج کیے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کا پی ڈی ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف دہشت گردی اور ان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے خلاف اے آر وائی نیوز پر دیے گئے ان کے متنازع بیان پر بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے۔