پاک فوج قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران سیکورٹی فراہم کرے گی
وزیر اعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم دفتر سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رواں سال اپریل میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے قطر کے پہلے دورے میں کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہوگا۔
دفتر خارجہ نے ایک بیان کہا کہ قطری رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ ان ملاقاتوں میں خاص طور پر توانائی سے متعلق تعاون کو آگے بڑھانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو گہرا کرنے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دورہ قطر کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔
دورے پر روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج قطر روانہ ہو رہا ہوں، اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تعلق کی تجدید ہوگی۔ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ مؤثر اسٹرٹیجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں، میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا جن میں قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ، صنعت و انفرااسٹرکچر کی ترقی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں‘۔
شہباز شریف کے دورے سے قبل بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق قطر نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے 2 ارب ڈالر کی دوطرفہ مدد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ اُن 4 ارب ڈالر کا حصہ ہیں جو حکومت پاکستان اپنے عرب دوست ممالک سے ملنے کی توقع کر رہی ہے۔ بقیہ 2 ارب ڈالر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فراہم ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے قطر کی حکومت اور پاک فوج کے درمیان ورلڈ کپ کے میچز اور شرکا کی سیکیورٹی کے لیے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے مطابق پاکستان آرمی نومبر اور دسمبر میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ وزیر اعظم کے دورہ قطر سے قبل دوحہ اور اسلام آباد کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی ایک سمری کابینہ نے منظور کرلی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے پر کب دستخط ہوں گے۔
دورہ قطر کے دوران وزیراعظم دوحہ کے اسٹیڈیم 974 کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی گئی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
کابینہ کی سمری کے مطابق قطر کی حکومت نے 21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 کے درمیان ورلڈ کپ کی سیکیورٹی میں تعاون کی درخواست کی تھی اور پاک فوج نے اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ سمری میں کہا گیا کہ اس معاہدے کا مقصد دونوں فریقین کی ذمہ داریوں اور پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی اور حفاظتی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھیجے جانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کا تعین کرنا ہے۔