عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کیا اقتدار کا بھوکا شخص قانون سے بالاتر ہے: آصف زرداری

  • منگل 23 / اگست / 2022

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی  کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہا ہے کہ ایک شخص فوج، پولیس اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے اور کہتا ہے مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ۔ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا اقتدار کا بھوکا شخص قانون سے بالاتر ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری سے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں اس وقت بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہم سب کو اس وقت سیاست چھوڑ کر صرف اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی جانب توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ چار صوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں لیکن اس وقت ملک میں ایک شخص کو دن بہ دن  اقتدار کا نشہ  پاگل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اسی طرح اس شخص کی ہوس کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے، کیا یہ شخص میرے، میری ہمشیرہ فریال تالپور، میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف ماروائے قانون انتقامی کاروائیاں کرسکتا ہے اور خود ہر قانون کو روند سکتا ہے۔ یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے اور اسی فوج کے افسر اور سپاہی 2 صوبوں میں دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر سابق صدر نے کہا کہ یہ شخص فوج، پولیس اور اس کے بعد عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ، عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے 3 روز قبل اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ دینے والی ایڈیشنل جج زیبا چوہدری کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ آپ کے خلاف کارروائی کریں گے۔