حقیقی آزادی کے لیے ٹائیگرز بنیں: عمران خان کا نوجوانوں کو پیغام

  • بدھ 24 / اگست / 2022

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری اور صوبے میں اپوزیشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی مذمت کی ہے۔

سابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور این اے245 سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے منگل کو بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی، پی ٹی آئی چیئرمین نے محمود مولوی کو ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال، سیلاب سے ہونے والی تباہی اور سندھ میں امدادی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

عمران اسمٰعیل نے پی ٹی آئی چیئرمین کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے ساتھ ہونے والے 'ناروا سلوک' اور صوبے میں اپوزیشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات سے بچنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

دریں اثنا پی ٹی آئی چیئرمین نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ ’عمران ٹائیگرز ‘ میں شامل ہوں تاکہ ان کا  حقیقی آزادی کا پیغام گھر گھر پہنچ سکے۔ ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران ٹائیگرز میرے ملک کے پرجوش نوجوان ہوں گے جو میرا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ  جہالت اور ناانصافی کا نظام ہے، اس کے لیے ہمیں نوجوانوں کی ضرورت ہے کہ وہ حقیقی آزادی کا پیغام ہر جگہ پھیلائیں۔ عمران خان نے زور دیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام نوجوان اس میں مکمل طور پر حصہ لیں کیونکہ یہ حقیقی آزادی کی طرف پہلا قدم ہوگا۔