دھاندلی کے خدشات پر اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنا درست نہیں: جسٹس اعجاز الاحسن

  • بدھ 24 / اگست / 2022

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خدشات کو بنیاد بناکر اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنا درست نہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم کرنے کے خلاف سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار شیخ رشید احمد بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر الیکشن کمیشن کے خدشات کو بنیاد بنا کر سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کیا گیا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے ایک ایک ارب ڈالرمانگے جا رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی سالانہ 30 ارب ڈالر بھیجے ہیں جنہیں کہا گیا آپ ووٹ نہیں دے سکتے، ووٹ ڈالنا ہے توٹکٹ لے کرپاکستان آؤ۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی توبغیر کسی شرط کے 30 ارب ڈالربھیجتے ہیں۔

شیخ رشید کی جانب سے وکیل کے دلائل پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ انتخابات میں جعلی ووٹ اوردھاندلی تو یہاں بھی ہوتی ہے جس کے خلاف قانون موجود ہے۔ ایکسیڈنٹ ہونے پر موٹروے بند نہیں کی جا سکتی؟ کیا دھاندلی کے خدشات پر انتخابات کرانا ہی بند کردیے جائیں گے؟

جسٹس اعجازالاحسن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی روکنے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کیوں نہیں کرتا؟ الیکشن کمیشن کے خدشات کودور کیا جانا ضروری ہے لیکن خدشات دور کرنے کی بجائے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنا درست نہیں۔ بنچ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا جائزہ بنیادی حقوق سے متصادم ہونے پر ہی لیں گے۔ بظاہراوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مفاد عامہ اور بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ عدالت متعدد بار اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق سے متعلق فیصلے دے چکی ہے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہاکہ کیا موجودہ اسمبلی بنیادی حقوق کے حوالے سے ترامیم کرنے کی مجازہے؟ اسمبلی میں اس وقت ارکان کی تعداد بہت کم ہے۔ پوری دنیا میں جدید آلات استعمال ہوتے ہیں، ہر کام میں جدید آلات استعمال ہوتے ہیں تو ووٹنگ میں کیوں نہیں۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ سے متعلق درخواست پراعتراضات ختم کرتے ہوئے جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ ماہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ پوری دنیا میں 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہیں۔ سپریم کورٹ حکومت کو اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے لیے اقدامات کا حکم دے اور الیکشن ایکٹ کی شق 94 میں کی گئی ترمیم کالعدم قرار دے۔