پنجاب میں رانا ثناللہ کے خلاف دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ کا اندراج

  • جمعرات 25 / اگست / 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا گجرات میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ ایک شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی نے رانا ثنا کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کی کاپی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

اپنے بیان میں مونس الہٰی نے کہا کہ رانا ثنا صاحب آپ ہمارے لیڈر عمران خان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بناتے ہو اب آپ کے خلاف سچا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مونس الہیٰ نے کہا کہ جلد ہی رانا ثناللہ کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف ججز کو دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ یہ مقدمہ گجرات کے تھانہ انڈسٹریل اسٹریٹ فیز 2 میں دفعہ 154 کے تحت درج کیا گیا۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ شہری شہکاز اسلم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے 16 اپریل 2021 اور  اس سال 29 جنوری کو پاکستان کی عدلیہ کو آئینی کام سے روکنے کے لیے گھیراؤ کی دھمکی دی۔ ملازمین کو دھمکاتے ہوئے بچوں کے قتل کی دھمکی بھی دی۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی دھمکی کا مقصد پاکستان کی عدلیہ، چیف سیکریٹری، کمشنر اور دیگر سرکاری ملازمین سمیت عوام کو دہشت زدہ کرنا تھا۔