شہباز گل کے بھائی کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف شکایت درج کروا دی

  • جمعہ 26 / اگست / 2022

بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے بھائی یسٰین گل نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  زیبا چوہدری کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس سے قبل اے ڈی ایس جے کو نتائج سے خبردار کیا تھا۔ یسٰین گل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور عدالت کی انسپکشن ٹیم کے رکن کو شکایت درج کروائی۔

کوہسار پولیس نے شہباز گل کو 9 اگست کو گرفتار کیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے انہیں 12 اگست تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عدنان کے سامنے نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی جسے خارج کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ پہنچا تو قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق نے نظرثانی درخواست کا فیصلہ قانون کے مطابق کرنے کی ہدایت کے ساتھ معاملہ دوبارہ سیشن کورٹ میں بھیج دیا تھا۔ بعدازاں سماعت میں اے ڈی ایس جے زیبا چوہدری نے شہباز گل کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تاہم یہ ریمانڈ منظور کرنے کے بعد ان کے حکم کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے بھی 2 عوامی تقاریر میں اے ڈی ایس جے زیبا چوہدری اور پولیس حکام کی بھی سرزنش کی۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے شہباز گل کے ریمانڈ سے متعلق درخواست کو نمٹاتے ہوئے بھی اے ڈی ایس جے زیبا چوہدری کے حکم کو برقرار رکھا تھا۔

عمران خان کی اے ڈی ایس جے زیبا چوہدری اور پولیس حکام سے متعلق دھمکی آمیز تقاریر کی وجہ سے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے جج کی مبینہ توہین پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

شہباز گل کے بھائی نے گزشتہ روز شکایت میں خاتون جج کے خلاف سنگین الزامات لگائے۔ اس میں کہا گیا کہ خاتون جج نے 17 اگست 2022 کو عدالتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی اور توہین کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ شکایت میں بدسلوکی کے الزام میں اے ڈی ایس جے زیبا چوہدری کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی۔