عمران خان نے امدادی ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے جمع کئے
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ملک میں بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے امدادی ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے عطیے دینے کے وعدے کئے گئے ہیں۔
عمران خان نے وعدے کرنے پر اہلِ وطن بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب ہمارے 3 گھنٹوں کے ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے کے عطیات کے اعلانات ہوئے۔ نہایت فیاضی اور سخاوت سے عطیات دینے پر میں اہلِ وطن خصوصاً اپنے سمندر پار پاکستانیوں کا مشکور ہوں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ایک ٹیلی تھون کا انعقاد کیا تھا جس میں سیلاب زدگان کی امداد کی غرض سے فنڈز کا وعدہ کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی کال کرنے والوں کو براہ راست رسائی فراہم کی گئی تھی۔ امدادی ٹیلی تھون کے ماڈریٹر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید تھے۔
عمران خان نے کہا کہ جب 2010 میں ملک تباہ ہوا تھا تو انہوں نے سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا اور ان کے اندازوں کے مطابق موجودہ سیلاب اس سے بھی بدتر تھے۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جو ایک کمیٹی کے تحت شفاف طریقے سے خرچ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ہفتوں کی طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے ملک کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ خاص طور پر سندھ کو ایک ارب 60 کروڑ ڈالر (355 ارب روپے) سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے کیونکہ تمام بڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے نقصانات کا تخمینہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے معاشی اثرات کم از کم 10 ارب ڈالر ہوں گے جو کہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 3 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے ڈان کو بتایا کہ شدید بارشوں سے کپاس، چاول اور کھجور کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جس سے ایک کھرب 9 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، اس کے علاوہ مرچ اور دیگر فصلیں بھی بارش سے تباہ ہو گئی ہیں۔