پاکستان میں سیلاب کے نقصانات کا اندازہ کرنے کے لئے امریکی ٹیم اسلام آباد آئے گی
امر یکہ کی ایک جائزہ ٹیم جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گی جو یہ دیکھے گی کہ محکمۂ دفاع کیسے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف امریکی ادارے یو ایس ایڈ کی مزید معاونت کر سکتا ہے۔
جمعے کو امریکی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی ایک اسسمنٹ ٹیم عالمی امداد کی امریکی ایجنسی یو ایس ایڈ کے ساتھ مل کر پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مزید مدد کے لیے کام کرے گی۔
ا امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے، جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف سے ملاقات کے دوران امریکی سینٹ کام کے سربراہ نے پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔
پاکستان آنے والی ٹیم اس سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے مزید امریکی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے تین کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں سیلاب کے باعث اب تک 1200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ تین کروڑ 30 لاکھ افراد اس تباہ کن سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث ملک کو 10 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے جس کے لیے پاکستان نے اقوامِ متحدہ سے بھی مدد کی اپیل کی تھی۔