اداروں اور جرنیلوں کو متنازع نہیں بننے دیں گے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم اداروں اور جرنیلوں کو عمران خان کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گزشتہ روز کی افواجِ پاکستان سے متعلق تقریر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آ رہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے، آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سپاہی سے لے کر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محبِ وطن ہے۔ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے، اُن کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آ رہی ہے۔ خیبر پختون خوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں مصروف ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان کو مسترد کیا ہے۔ ایک ٹوئٹ بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انساف کے رہنما مسلح افواج اور اس کی قیادت پر براہ راست کیچڑ اچھال کر ان پر زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔ اداروں کو بدنام کرنے کے لیے عمران نیازی کے بیانات ہر روز نئی پستی کو چھو رہے ہیں۔ ان کا ایجنڈا پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئےتحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری الیکشن سے اس لئے بھاگ رہے ہیں کہ یہ نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔ یہ ڈرتے ہیں کہ تگڑا اور محبِ وطن آرمی چیف آ گیا تو وہ ان سے حساب مانگے گا۔