وزیراعظم کا توشہ خانہ کے تحائف کی عوامی نمائش کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونی ممالک سے ملنے والے تحائف کی عام نمائش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس مقصد کے لئے وزیر اعظم ہاؤس میں نمائش کا اہتمام ہوگا جسے عام لوگ بھی دیکھ سکیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحائف عوام کو دکھانےکا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے آگاہ ہوں۔ وزیراعظم ہاؤس میں جگہ مختص کر دی گئی ہے جہاں یہ تحائف رکھے جائیں گے جنہیں عوام دیکھ سکیں گے۔
وزیراعظم نے خود کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کرا دیے ہیں جن کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔ وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے جن میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔ ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے۔
خلیجی ریاستوں کی جانب سے شہباز شریف کو عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنک طلائی بٹن اور خوشبو سمیت تمام تحائف بھی توشہ خانے میں جمع کرادیے ہیں۔
شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب کے طور پر بھی دس سال کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔