اقوامِ متحدہ سیکریٹری جنرل پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں میں حصہ کم، لیکن یہ متاثر زیادہ ہوا ہے۔ وہ سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ حکومت ، پاکستانی فوج اور رفاہی تنظیمیں پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ آج پاکستان متاثر ہوا ہے تو کل کو کوئی دوسرا ملک موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو سکتا ہے۔ لہذٰا اس کا راستہ روکنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ ماحول دشمن گیسز کے اخراج کو کم کیا جائے اور ایسے ملکوں کے ساتھ تعاون کیا جائے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ قابلِ ستائش ہے اور امداد پر ان کے شکرگزار ہیں۔ دو روزہ دورۂ پاکستان پر اسلام آباد میں موجود اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی گئی ہے۔
میجر جنرل ظفر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے 40 لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے جب کہ قومی شاہراہوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ پاکستان کے ایک تہائی حصے کو سیلابی صورتِ حال کاسامنا ہے۔
میجر جنرل ظفر اقبال نے بتایا کہ بلوچستان کے چار اضلاع میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے جب کہ آئندہ ہفتے سے سندھ کی صورت حال میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔