وزیراعظم، حمزہ شہباز کےخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم

  • ہفتہ 10 / ستمبر / 2022

لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف دائر رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت 5 کے جج محمد ساجد علی نے حالیہ نیب ترمیم کے بعد عدالتی اختیار نہ ہونے کے باعث ریفرنس واپس بھیجوانے کا حکم نامہ جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مذکورہ ریفرنس میں میاں محمد شہباز شریف پر الزام تھا کہ انہوں نے بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیٹے حمزہ شہباز جو کہ رمضان شوگر ملز کے سابق سی ای او/ڈائریکٹر تھے، کے ساتھ ملی بھگت سے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گندا نالہ تعمیر کرنے کی منظوری اور ہدایات دیں۔

الزام تھا کہ اس کے پس پردہ مقصد اپنی خاندان کی رمضان شوگر ملز کو اچھا ڈسپوزل میکانزم فراہم کرنا اور اس سے مالی فائدہ حاصل کرنا تھا جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ نیب آرڈیننس کے سیکشن 5 میں نیب ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت کی گئی ترمیم کے مطابق احتساب عدالت کے پاس اس کیس/ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کا اختیار نہیں ہے۔

ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھجوایا جارہا ہے تا کہ اسے متعلقہ فورم کے سامنے رکھا جائے۔ ملزمان کو اگلے فورم پر پیش ہونے کے لیے عدالت کے اطمینان کی خاطر 5 لاکھ روپے فی کس کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔