ملکہ الزبتھ کے انتقال پر پاکستان میں پیر کو یوم سوگ کا اعلان

  • اتوار 11 / ستمبر / 2022

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کے انتقال پر پاکستان میں پیر کے روز سرکاری سطح پر سوگ منایا جائے گا۔

وزارت خارجہ کی سفارش پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر 12 ستمبر کو پاکستان میں یوم سوگ منانے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ٹوئٹ کیا کہ 'ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے افسوسناک انتقال پر برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان 12 ستمبر 2022 کو یوم سوگ منائے گا۔ اس روز پورے ملک میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا‘۔

دوسری جانب ملکہ الزبتھ کا تابوت اسکاٹش ہائی لینڈز میں واقع ان کی رہائش گاہ سے 6 گھنٹے کی مسافت پر واقع ایڈنبرا لے جایا جائے گا، جس سے عوام کو ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ اتوار کو صبح 9 بجے شاہ بلوط کی لکڑی سے بنا تابوت اسکاٹ لینڈ کے پرچم سے ڈھکے بیلمورل کیسل کے بال روم میں تھا جس کے اوپر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی تھی۔

ملکہ کی بیٹی شہزادی این کے ہمراہ جنازہ دور دراز قلعے سے آہستہ آہستہ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں سے گزرتا ہوا ایڈنبرا جائے گا جہاں تابوت کو ہولیروڈ ہاؤس محل کے تخت والے کمرے میں لے جایا جائے گا۔ جمعرات کو ملکہ الزبتھ کی موت کے بعد سے ہزاروں افراد شاہی محلات کے باہر پھول رکھنے اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

حکام نے اعلان کیا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی تدفین پیر 19 ستمبر کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں کی جائے گی۔ اس روز برطانیہ میں عام تعطیل ہوگی۔ تقریب اور شرکا کی مکمل تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں تاہم امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ وہاں موجود ہوں گے۔

اس سے قبل ملکہ کے تابوت کو لندن روانہ کیا جائے گا اور وہاں ایک شاندار جلوس ہوگا جس کے بعد اسے بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ہال منتقل کیا جائے گا جہاں یہ چار روز تک رکھا رہے گا۔

برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم بغیر کہے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کی توقع کر سکتے ہیں۔