انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

  • جمعرات 15 / ستمبر / 2022

پاکستان کے خلاف سات ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی 19 رکنی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔

دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے پہلے مرحلہ میں ابتدائی چار ٹی20 انٹرنیشنل میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دبئی کے راستے آنے والی مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اپنی آمد کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر مقامی ہوٹل میں 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔

سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔

کراچی میں دونوں ٹیمیں ہفتہ کی شام سات بجے پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی۔ یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔ میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوا کرے گا۔

قبل ازیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پنڈلی کی تکلیف سے صحتیاب جوز بٹلر کی قیادت میں معین علی کو 19 رکنی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا تھا۔ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک، جارڈن کوکس، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلے، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

پی سی بی نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے جس میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، مارک بچر کے علاوہ وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز کمینٹریٹر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ زینب عباس پریزنٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گی۔