عمران خان لاڈلا نہ رہے تو مخالفین کیلئے اس سے نمٹنا 3 دن سے زیادہ کا کام نہیں: مریم نواز

  • جمعرات 15 / ستمبر / 2022

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر عمران خان لاڈلا نہ رہے تو مخالفین کے لیے اس سے نمٹنا 3 دن سے زیادہ کا کام نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس شخص کو ڈالرز دے کر پاکستان، اس کے اداروں اور اس کی سیاست کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا تھا وہ شخص اقتدار میں رہتے ہوئے یا اقتدار سے باہر رہ کر بھی یہی رہے گا۔

عدلیہ، پاک فوج اور پاکستان کے سیاسی حلقوں کا اس بات پر اتفاق ہونا چاہیے کہ یہ شخص ایک فتنہ ہے جسے پاکستان کی تباہی کے لیے لانچ کیا گیا ہے۔ اس کے شر سے کسی کا بیٹا، بیٹی، بیوی یا رشتہ دار محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کیا کہ حکومت سیلاب زدگان کی جلد سے جلد بحالی کے لیے پوری کوششیں کر رہی ہے۔ شہباز شریف کی اس وقت کسی صوبے میں حکومت نہیں ہے لیکن وہ بنا کسی تفریق کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ قیاس آرائیوں پر مبنی اس سوال کا قبل از وقت جواب نہیں دوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ میری جماعت کی جانب سے کبھی بھی فوج کے اندر تقسیم کے حوالے سے کوئی بیان دیا گیا ہو۔

جنرل فیض حمید کے حوالے سے ماضی میں اپنے بیانات سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ وہ بیانات حقائق پر مبنی تھے اور حقائق کبھی تبدیل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں کھڑے ہوکر کسی خاتون کی عزت اچھالنے کے بعد معافی مانگ لینا قابل قبول نہیں ہے۔ جو آپ کو کرنا تھا وہ تو کردیا اس کے بعد آپ نااہلی سے بچنے کے لیے معافی مانگ لیں تو ایسا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ججز کو بھی کہنا چاہوں گی کہ وہ کیوں انجانے میں ایک فتنے کو مضبوط ہونے کا موقع دے رہے ہیں۔ کل کو کسی کا گھر اور کسی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی اور اس میں عدلیہ بھی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں کہ یہ شخص مخالفین کے لیے نہیں ملک کے لیے خطرناک ہے۔ اگر یہ لاڈلا نہ رہے تو مخالفین کے لیے اس سے نمٹنا 3 دن سے زیادہ کا کام نہیں ہے۔ انتخاب اپنے وقت پر ہونا چاہیے، کسی کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔ امید ہے ان شا اللہ اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرنے والے عمران خان دوسروں پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں۔ پہلے امریکا مخالف نعرے لگوائے، اب 25 ہزار ڈالر دے کر لابنگ فرم ہائر کی۔ عمران خان بتائیں کہ رابن رافیل کو ملاقات میں کیا بتایا ہے۔