پاکستان کو پائپ لائن سے گیس کی فراہمی ممکن ہے: روسی صدر
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائپ لائن گیس سپلائی کرنا ممکن ہے۔ ان کہنا تھا کہ پاکستان کو گیس سپلائی کے لیے ضروری انفرااسٹرکچر پہلے سے موجود ہے۔
ولادیمیر پیوٹن نے ان خیالات کا اظہار ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دورن کیا۔ وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پراسلام آباد سے ازبکستان پہنچے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
سمرقند ایئرپورٹ پہنچنے پر ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ اریپوف نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ ازبکستان پہنچتے ہی وزیراعظم سمرقند ایئرپورٹ سے حضرت خضر کمپلیکس گئے جہاں نہ صرف انہوں نے مسجدِ خضر میں اسلام کاری موف کے مزار پر حاضری دی۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔
بعد ازں وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد اور تعمیری اعلیٰ سطح رابطوں، بین الپارلیمانی روابط، دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے تفصیلی بات چیت کی۔
تاجک صدر امام علی رحمٰن نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تاجکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ازبکستان کے 2 روزہ دورے کے لیے سمرقند اپنی روانگی سے قبل وزیر اعظم ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عالمی معاشی بدحالی نے ایس سی او رکن ممالک کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ ایس سی او وژن دنیا کی 40 فیصد آبادی کی امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
وزیرِ اعظم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلا روس کے صدرالیگزینڈر گریگوری وچ لوکاشینکو اور صدر کرغستان سیدر جاپاروف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم ازبک صدر کی طرف سے سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ عشائیے کے بعد وزیر اعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔