روس سے گیس فراہمی منصوبے پر کام کرنے کیلئے پاکستان اور ترکیہ میں اتفاق

  • جمعہ 16 / ستمبر / 2022

روس سے بذریعہ پائپ لائن پاکستان کو گیس فراہمی کے مجوزہ منصوبے پر کام کرنے کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر ازبکستان کے شہر سمرقند میں موجود ہیں جہاں انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور کرغزستان کے صدر سیدر جیپاروف دیگر رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج اسکیل منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر بھی اہم اتفاق رائے کیا گیا۔ رجب طیب اردوان نے گفتگو کے دوران کہا کہ روس، قازقستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا اور مجموعی طور پر ایشیا میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے دونوں ملکوں کے درمیان ہمہ جہتی تزویراتی تعلقات میں اضافے کے لیے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں تباہ کن سیلابوں پر صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام کی طرف سے فراخدلانہ تعاون اور اظہار یکجہتی پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔