جاپان : خطرناک سمندری طوفان کے پیشِ نظر 40 لاکھ شہریوں سے انخلا کی اپیل

  • اتوار 18 / ستمبر / 2022

جنوب مغربی جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ’نانماڈول‘ خطے کی جانب بڑھنے کے پیش نظر حکام نے 40 لاکھ سے زائد شہریوں سے انخلا کی اپیل کی ہے۔ ہزاروں لوگ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کاگوشیما اور میازاکی علاقوں کے لیے ایک خصوصی انتباہ جاری کیا ہے جو صرف کئی دہائیوں میں ایک بار دیکھے جانے والے حالات کی پیش گوئی کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ آج صبح شدید بارش اور تیز ہواؤں نے جاپان کے جنوبی جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کاگوشیما، کماموٹو، ناگاساکی اور میازاکی میں تقریباً 98 ہزار گھرانے بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔

طوفان کے گزر جانے تک ٹرینیں، پروازیں اور بحری جہاز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ حتیٰ کہ ہر صورت 24 گھنٹے کھلے رہنے والے اسٹورز بھی بند کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم فومیو کشیدا نے طوفان پر حکومتی اجلاس طلب کرنے کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’براہ کرم خطرناک جگہوں سے دور رہیں اور اگر آپ کو خطرے کا معمولی شائبہ بھی محسوس ہو تو وہاں سے نکل جائیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ رات کو وہاں سے نکلنا خطرناک ہوگا، باہر روشنی ہونے تک اپنا خیال رکھیں۔

جے ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کو تیز ہواؤں، طوفانی لہروں اور طوفانی بارشوں سے غیر معمولی خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جے ایم اے کی پیش گوئی یونٹ کے سربراہ ریوتا کورورا نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، یہ ایک بہت ہی خطرناک طوفان ہے۔

قومی نشریاتی ادارے ’این ایچ کے‘ نے کہا کہ کیوشو میں 40 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ کاگوشیما اور میازاکی میں حکام کا کہنا ہے کہ آج دوپہر تک مقامی پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوجائے گی۔

لوگوں کو ان پناہ گاہوں یا متبادل رہائش گاہوں میں منتقل ہونے کا انتباہ دیا گیا ہے جو شدید موسم کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ ماضی میں شدید موسمی حالات کے دوران حکام کو رہائشیوں کو تیزی سے پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کے لیے قائل کرنے میں مشکل کا سامنا رہا تھا۔