وزیراعظم اقوام متحدہ کو سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال آگاہ کریں گے
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف حالیہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو اجاگرکریں گے۔ اور موسمیاتی تبدیلی سے درپیش شدید خطرات کے حوالے سے تجاویز پیش کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے جو 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں منعقد ہو گا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یو این جی اے کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم افریقی یونین، یورپی یونین اور امریکا کی شراکت سے منعقدہ گلوبل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی مسائل کے خاتمے کے حوالے سے کوپ 27کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ پلیٹ فارمز موجودہ دور میں بین الاقوامی برداری کو درپیش شدید خطرات کے حل کے حوالے سے عالمی سطح پر اقدامات کے سلسلہ میں انتہائی موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یو این جی اے کے صدر، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری، بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں، آئی ایف آئیز اور فلاحی اداروں کے سربراہان سمیت متعدد ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر سمیت طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں موجود غیر حل شدہ تنازعات سمیت علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے پاکستان کے خدشات اور نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم اس موقع پر عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی مختلف پروگرامز میں شریک ہوں گے۔ ان مصروفیات میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت اور متعدد ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں، میڈیا اور تھنک ٹینکس سے ملاقاتوں کے علاوہ جی 77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور مقبوضہ کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت بھی شامل ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ کثیر الاقوامی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ ایک اہم بین الاقوامی ادارہ ہے جو عالمی امن و استحکام ، ترقی اور انسانی حقوق کے علاوہ دنیا بھر میں پائیدار امن و ترقی کی فراہمی کے لیے بنیادی کردار کا حامل ہے۔ دنیا بھر کے ممالک کی نمائندگی ہونے کی وجہ سے جنرل اسمبلی عالمی برداری کو مشترکہ مقاصد کے حصول اور مشترک مسائل کے خاتمہ کیلئے ایک وسیع پلیٹ فارم پیش کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی یو این جی اے کے اجلاس میں شرکت پاکستان کے کثیر الجہتی مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگی کیونکہ اقوام متحدہ دنیا امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی امور کے حوالہ سے کلیدی کردار کا حامل ادارہ ہے۔
اس کے علاوہ ترقی پذیر ممالک کے گروپ آف 77 اور چین کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان، عالمی سطح پر امن، استحکام ، پائیدار ترقی، انسانی حقوق سب کیلئے سمیت دیگر عالمی مسائل کے خاتمہ کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کردار ادا کرنے کے پرعزم ہے۔