ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت اور رہنماؤں کی شرکت

  • سوموار 19 / ستمبر / 2022

دنیا بھر سے 500 سے زائد سربراہان مملکت نے لندن میں ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شہباز شریف نے کی۔

برطانیہ پر 70 سال تک حکمرانی کرنے والی آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ ملکہ برطانیہ کے تابوت کے آخری دیدار کے لیے لندن کی سڑکوں پر لاکھوں افراد کی قطاریں لگی رہیں۔  جبکہ ویسٹ منسٹر ایبے کے اطراف سڑکوں کو بند کردیا گیا تھا۔

دنیا بھر سے سربراہان مملکت آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں جن میں امریکی صدر جو بائیڈن، چین کے نائب صدر وینگ کیشان، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جاپان کے بادشاہ ناروہیٹو سے لے کر جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا اور کوک آئی لینڈ کے وزیر اعظم مارک براؤن شامل ہیں۔

ملکہ کا تابوت ویسٹ منسٹر ہال سے ایک جلوس کی صورت میں روانہ ہوا اور مقامی وقت کے مطابق دن 11 بجے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوئم  کا کہنا تھا کہ والدہ کی آخری رسومات کے لمحات میں شرکت کے لیے آئے لاکھوں لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس غم کے وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔

یاد رہے ملکہ الزبتھ کا انتقال 8 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورل میں ہوا تھا۔ مؤرخ انتھونی سیلڈن نے رائٹرز کو بتایا کہ ملکہ الزبتھ دوم دنیا کی سب سے مشہور شخصیت، تاریخ میں سب سے زیادہ تصاویر کھنچوانے والی، سب سے زیادہ پہچانی جانے والی شخصیت تھیں۔

ٹرانسپورٹ کے سربراہان کا کہنا ہے کہ جنازے کے لیے وسطی لندن میں 10 لاکھ افراد سےزائد لوگ جمع تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس اہم موقع پر ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فوجی دستوں نے پولیس کے ساتھ سیکیورٹی سنبھالی ۔