پی ٹی آئی لانگ مارچ میں ساتھ دینے والے صوبوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی: وزیر داخلہ

  • بدھ 21 / ستمبر / 2022

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ریاست کے دارالحکومت پر چڑھائی کے لیے جو صوبے لانگ مارچ کو سپورٹ کریں گے، اس کے خلاف کارروائی کا اختیار آئین وفاقی حکومت کو دیتا ہے ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ۔ اس نے غیر قانونی حرکت کی ہے۔ ایسا ناخلف بیٹا ہو تو اس کے ساتھ ماں باپ بھی پیار نہیں کرتے۔ یہ انسان پوری قوم و نوجوان نسل کو بدتمیزی سکھا رہا ہے ۔عمران خان نے 26 کروڑ کا فراڈ کیا، سونے کے قلم چرائے ہیں ۔ شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹس کی پڑتال کریں تو اس میں بھی عمران خان کی چوری پکڑی جائے گی ۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے توہین عدالت کی ہے جو کہ ثابت ہے۔ اب عمران خان معافی مانگ لے گا تو وہ توہین عدالت ختم تو نہیں ہوگی۔ جو صوبے عمران خان کے لانگ مارچ کی سپورٹ کریں گے وہ آئین کی صریحاً خلاف ورزی کریں گے اور ایسے میں وفاقی حکومت آئین کے مطابق اقدام اٹھائے گی ۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلمان پہلے ہیں ،علما کرام اس میں رہنمائی کریں کہ ٹرانس جینڈر سے متعلق ہمارا مذہب کیا کہتا ہے۔ جو دین کہتا ہے اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو ریگولیٹ کرنا چاہیے۔ اس کے بغیر زندگی گزاریں گے تو کسی طرف کے نہیں رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ بیٹھ بھی نہیں سکتے  جس نے اس کی حمایت کی تھی آج وہ بھی کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں ۔عمران خان کے شر سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہے ۔ قوم نہ سمجھی تو پھر ہمارا حال بھی اسی قوم کا ہوگا جس نے 50 سال غلامی کاٹی ہے۔