آڈیو لیکس کی مزید اقساط بھی آنے والی ہیں: عمران خان

  • سوموار 26 / ستمبر / 2022

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آڈیو لیکس سامنے آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اقساط بھی آنے والی ہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ آڈیو لیکس میں اور بھی کچھ آرہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اور بھی کچھ اقساط کا انتظار کریں، سنا ہے کہ یہ آرہا ہے کہ جس میں الیکشن کمشنر، نواز شریف سے کہہ رہا ہے توشہ خانہ میں ان کو نااہل کردیں گے، یہ ہے الیکشن کمیشن۔ اس کے بعد چیف الیکشن کمیشنر کو استعفی دینا چاہئے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ دور مستقبل کی ٹیکنالوجی کا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت اور نوجوانوں کو جن تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنا تھا۔ ہم نے وہ 20 سال ضائع کردیے، 20 سال پہلے بھارت کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات 140 ارب ڈالر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی زون شروع کیے جس میں ٹیکس مراعات دیں، اس شعبے میں 30 سال سے کم عمر نوجوان اپنی کمپنیاں بناتے ہیں اور ارب پتی بن جاتے ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ جب بھی ہماری حکومت آئی تو ہم آئی ٹی اسٹارٹ اپس کو مراعات دینی ہیں اور کوئی ٹیکس لاگو نہیں کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب بھی معاشرے میں ناانصافی ہو گی تو معاشرے کے تمام افراد اس کے خلاف کھڑے ہوں اور ان کا مقابلہ کرنے سیاست میں آئیں گے۔ لیکن دو طبقے ایسے ہیں جو ان کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے۔ پہلا وہ جو بزدل ہے جیسے کوفہ کے لوگ جنہیں معلوم ہے کہ حضرت امام حسینؓ حق پر تھے لیکن انہوں نے یزید کے ظلم سے ڈر کے امام حسینؓ کی مدد نہیں کی اور انسانی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہونے دیا۔

دوسرا خود غرض آدمی بھی ناانصافی کے خلاف کھڑا نہیں ہوگا اور پاکستان کی اشرافیہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہی یہی ہے کیونکہ وہ مطمئن ہے اور ان کی زندگی آسان ہے تو وہ سوچتے ہیں کہ ہم کیوں ظالم کا مقابلہ کریں، اس طرح معاشرہ غلام بن جاتا ہے، ظلم اور خوف کے غلام بن جاتے ہیں۔