بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹ سمیت 6 اہلکار شہید
پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹس سمیت تمام 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کل رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ بیان کے مطابق 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر کے تمام 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہیدوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں افسران سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔