کراچی صدر میں چینی باشندوں پر حملہ، ایک شخص جاں بحق
کراچی کے علاقے صدر میں چینی دندان ساز کے کلینک میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی جنوبی اسد رضا نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ فائرنگ سے متاثر ہونے والے تینوں افراد چینی باشندے ہیں۔ ایس ایس پی اسد رضا نے کہا کہ حملہ آور ایک مریض کے بھیس میں کلینک میں داخل ہوا۔
پولیس نے کہا گیا کہ فائرنگ کے زد میں آنے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے کہا کہ صدر پرہجوم علاقے میں فائرنگ ہوئی اور زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایک چینی باشندے کو ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی لایا گیا، جن کو گولیاں لگی ہیں۔
مزید دو چینی باشندوں کو زخمی حالت میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔ دونوں غیرملکی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں پیٹ پر گولیاں لگی ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں چینی ڈاکٹر رونالڈ کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس 26 اپریل کو جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین چینی باشندوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور دیگر 4 زخمی ہو گئے تھے۔