عمران خان کی آڈیو لیک نے غیر ملکی سازش کے بیانیے کو چور چور کر دیا: وزیراعظم

  • جمعہ 30 / ستمبر / 2022

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی آڈیو لیک نے ان کی حکومت کے خاتمے میں غیر ملکی سازش کے الزامات کو چور چور کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بارہ کہو مری روڈ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے لیکن اس منصوبے سے شہر میں ٹریفک کا رش ختم ہوگا۔

سابقہ حکومت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کی سابق حکومت نے ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے بجائےٹانگ پر ٹانگ رکھ کر لوگوں کے ساتھ دن رات جھوٹ بولا۔ جھوٹ بولنے، ددھوکہ دینے، لوگوں کو ورغلانے کا وہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ 40 سال سے سیاست کے میدان کارزار میں جد وجہد کر رہا ہوں لیکن آج تک عمران نیازی جیسا جھوٹا عیار و مکار شخص نہیں دیکھا۔ اس کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا، اللہ نے اس کو عزت دی۔ کسی نے سوچا نہیں تھا کہ جب یہ شخص سیاست میں آئے گا تو یہ سر تاپا جھوٹ ہوگا، قوم کو دھوکا دےگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مخلوط حکومت آئینی طریقے سے آئی تو اس نے کس طرح سے ملک و قوم کا مفاد داؤ پر لگا کر جھوٹ بولا۔ دو روز قبل آڈیو لیک ہوئی جس میں پتا چلا کہ کس طرح وہ اپنے سیکریٹری کو پاکستان کے خلاف سازش کی ترغیب دے رہا ہے اور پرنسپل سیکریٹری دو ہاتھ آگے جا کر کہتا ہے کہ منٹس تو میں نے بنانے ہیں۔ وہ بطور وزیراعظم کہتا ہے کہ ہم نے نام نہیں لینا، میں نے اس پر کھیلنا ہے، پھر 5 مہینے اپنی حکومت کے خلاف سازش کا راگ الاپتا رہا۔

عمران نیازی نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دے دیا اور کہا کہ انہوں نے دوسرے ملک کے ساتھ ساز باز کی اور یہ امپورٹڈ حکومت ہے لیکن پھر دنیا دیکھا کہ اس کا جھوٹا بیانیہ چور چور ہوگیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آڈیو لیک آنے کے بعد اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ یہ پاکستان کے خلاف بد ترین سازش تھی، اس نے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کی، اداروں کو تقسیم کرنے کی سازش کی لیکن بد ترین سازش پاکستانی سیاستدانوں کو غدار قرار دینے کی سازش تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی کم کی جائے، معیشت کو مضبوط کیا جائے۔ ہمارے پاس نہ تیل ہے نہ گیس ہے جو گیس تھی وہ ختم ہوچکی۔ تیل و گیس امپوٹ کرتے ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود ہم اس پر اربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں لیکن گھبرانے اور پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔ ہم ہمارے پاس مضبوط فوج، ایٹمی طاقت اور قابل لوگوں سمیت ہر چیز موجود ہے۔ اب ہمیں صرف دن رات ایمانداری سے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

اس دوران روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی سائفر سے متعلق ایک اور آڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ آڈیو میں عمران خان کا کہنا ہے کہ اچھا شاہ جی ہم نے کل ایک میٹنگ کرنی ہے۔ آپ نے ہم تینوں (عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی) نے، وہ لیٹر ہے نا اس کے چپ کرکے مرضی کے منٹس لکھ دیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ اعظم کہہ رہا ہے کہ اس کے منٹس بنا لیتے ہیں، اسے فوٹو اسٹیٹ کر کے رکھ لیتے ہیں۔ آڈیو میں اعظم خان پوچھتے ہیں کہ یہ سائفر 9 کو آیا ہے یا 8 کو آیا ہے؟

عمران خان نے جواب دیا کہ لیکن میٹنگ 7 کو ہوئی ہے۔ ہم نے تو امریکنز کا نام لینا ہی نہیں ہے۔ لیکن ایشو یہ ہے کہ پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے۔ سابق وزیرِ اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ سب کے لیے یہ بہت اہم مسئلہ ہے کہ کس ملک سے لیٹر آیا ہے؟ میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔

اسد عمر نے عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ جان بوجھ کر لیٹر کہہ رہے ہیں، یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ وہی ہے نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے۔ ٹرانسکرپٹ یا لیٹر ایک ہی چیز ہے۔ لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو نہیں سمجھ آنی تھی، آپ پبلک جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔