عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم

  • سوموار 03 / اکتوبر / 2022

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم اور چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم کر دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے خاتون جج کو مبینہ دھمکی دینے کے مقدمے میں توہینِ عدالت کی کارروائی پر سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عمران خان وکلا کے ہمراہ کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے متفقہ طور پر عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہم نے عمران خان کا بیانِ حلفی دیکھ لیا ہے اور عدالت ان کے بیان سے مطمئن ہے۔ یہ لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ ہے۔

عدالتی معاون نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان نے بیانِ حلفی میں غیر مشروط معافی نہیں مانگی۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ اپنی معروضات جمع کرا دیں۔