عمران خان سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں: شہباز شریف

  • منگل 04 / اکتوبر / 2022

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے خلاف زیرالتوا مقدمات اور سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں میں انتشار بھیلانے چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے عمران خان کے آڈیو کلپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی آڈیو لیکس نے ریاستی اداروں کے خلاف سازش کو بے نقاب کردیا ہے۔ سفارتی سائفر میں ترمیم ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، قومی سلامتی کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبول رہنما ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ قانون سے مستثنیٰ ہوجائیں۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ وزیر اعظم نے عمران خان کی ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو چور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے وہ سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔ عوام میں بدامنی پھیلانے کے بعد اب وہ ریاستی اداروں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

شہباز شریف کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب وفاقی کابینہ نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی آڈیو لیکس پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ایف آئی اے حکام پر مشتمل کمیٹی سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے الزام پر عمران خان کے خلاف تحقیقات کرے گی۔

ادھر عمران خان کے حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ریڈ زون کا دفاع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رانا ثنااللہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عمران خان اور ان کے حامی اس بات سے بےخبر ہیں کہ اگر انہوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ان کا کیا حال ہوگا۔