عمران خان فراڈیا ہے، سازش کا تانا بانا مل چکا ہے: وزیراعظم

  • جمعرات 06 / اکتوبر / 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیولیکس کے حوالے سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 ماہ سازش کے بیانے پر قوم کو کنفیوژ کیا گیا اور اب سازش کا تانا بانا عمران خان سے مل چکا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے ساتھ میری گفتگو ہوئی تھی اور اس کے اگلے دن ایک اور آڈیو لیک ہوئی تھی اور جس دن میں گفتگو کر رہا تھا اس دن میری آڈیو لیک ہوئی، جس کو اچھالا گیا اور قوم کو بتایا جارہا تھا کہ اگلے دن ایک اور آڈیو لیک ہوگئی۔ اگر مجھے کسی اور کی آڈیو لیک کرنی ہوتی تو میں اپنی آڈیو لیک کیوں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ 3 اپریل 2022 کی بات ہے جب عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ ہونی تھی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ایوان چلا رہے تھے تو اس وقت کے وزیراطلاعات نے کھڑے ہو کہا کہ اس حکومت کے خلاف سازش ہوئی تھی۔ اس سازش کے تانے باتے غیرملکی طاقتیں اور تحریک لانے کی اپوزیشن سےملتے ہیں۔ قاسم سوری نے تحریری بیان پڑھا کہ سازش کی اس کہانی کی بنیاد پر قرارداد کو مسترد کرتا ہوں اور ہم سے پوچھا تک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی دوران عمران خان ٹی وی پر نمودار ہوئے اور کہا کہ اسمبلی توڑ رہا ہوں 20 منٹ کے اندر صدرپاکستان نے اسمبلی توڑنے کی سمری منظور کردی۔ مملکت کے بے شمار اہم معاملات صدر صاحب کے پاس ہفتوں پڑے رہتے ہیں لیکن اسمبلی توڑنے کی سمری 20 منٹ میں منظور کرلی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے وزیراطلاعات کی زبانی سازش کی جو کہانی بیان کی گئی، اس کو من وعن مان کر قرارداد فوراً مسترد کردی اور اسمبلی برخاست کرنے کی سمری بھیجنے کی اطلاع فوری بھیج دی گئی۔

سازش کی اس بنیاد پر اگلے 5 ماہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے قوم کا وقت برباد دیا کیا۔ اپنے پارٹی کے اراکین کو پختہ یقین ہوگی۔ حالات دیکھ کر فیصلہ کرنے والے ووٹرز کو کنفیوژ کیا اور عمومی طور پر قوم کو ہیجانی کیفیت میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت، ملک کا سودا کرنے، ضمیر فروش نجانے کیا کیا الزامات لگائے، جن کا کوئی وجود تھا۔ پاکستان کے کسی بھی سیاسی لیڈر کے بارےمیں کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن اس سے زیادہ قبیح اور گھناؤنی سازش اور کوئی ہو نہیں سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع دن سے کہا ہے اس سے برا فعل نہیں ہوسکتا کہ عمران خان سازش کی بات کر رہے ہیں اور ہمیں قوم کے سامنے غدار ٹھہرا رہے ہیں۔ میں نے قومی اسمبلی پر کھڑے ہو کر کہا کہ خدانخواستہ مجھ پر یا ہمارے اتحادیوں پر یہ سازش ثابت ہوجائے تو قوم کو اختیار ہے ہمیں اور مجھے پھانسی پر چڑھا دے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج سازش کا تانا بانا عمران خان کے ساتھ مل چکا ہے۔ یہ بات میں الزام کی بات نہیں کر رہا بلکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ کیونکہ جو آڈیو لیک آئی ہے، اس میں عمران خان نے کیا کہا ہے کہ کھیل کھیلنا ہے اور نام نہیں لینا کس کا امریکا کا تو پھر آڈیو میں کیا ہے۔ آڈیو میں عمران خان کا سازشی ٹولہ کہہ رہا ہے منٹس تو ہم نے بنانے ہیں اور اپنی مرضی سے بنانے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدترین بددیانتی کی گئی۔ قوم کے اعتماد کے ساتھ کھیلا گیا، وطن کا وقار ایسے سفاکانہ اور بدترین طریقے سے مجروح کیا گیا کہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ایک سنگین واردات کی گئی اور سنگین کھیل کھیلا گیا۔ یہ پاکستان کے خلاف سنگین سازش ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مصروف ہیں مگر عمران خان اور ان کے حواری سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور جو امداد دینا چاہتے ہیں، ان کو بدظن کر رہے ہیں۔ اس کا بھی حساب ہوجائے گا۔ بجائے اس کے کہ آگے بڑھتے اور ہم اپنے اختلافات ایک طرف کرکے چاہے وقتی طور پر سہی بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے متاثرین کی مدد کرنے کے بجائے ان کو ذرا خیال نہیں آیا، یہ پتھر دل انسان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے۔ قوم کے ساتھ فراڈ کرتا ہے۔ یہ فراڈیا ہے، سر سے پاؤں تک فراڈیا ہے۔ خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں یہ فراڈیا ہے۔