چار افراد نے توہین مذہب کے نام پر میرے قتل کا فیصلہ کیا ہے: عمران خان

  • جمعہ 07 / اکتوبر / 2022

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بند کمرے میں بیٹھے چار افراد نے میرے قتل کا فیصلہ کیا ہے جن کے نام ایک ٹیپ میں بتادیے ہیں۔ قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرنے لگا ہوں۔ تمہارے پاس جیلوں میں ساٹھ سے ستر ہزار افراد کی گنجائش ہے اور یہاں لاکھوں افراد جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں چار افراد بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے مجھے مروانے کا فیصلہ کیا ہے اور میرے قتل کے بعد کہیں گے کہ یہ توہین مذہب کے نام پر قتل ہوا۔ یہ قتل کسی مذہبی جنونی نے کیا کہ عمران خان نے توہین مذہب کی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی ایک ویڈیو تیار کرکے رکھی ہوئی ہے، جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ منظر عام پر آجائے گی اور ان چار افراد کے نام ساری قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں ںے بند کمرے میں بیٹھ کر میرے قتل کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ میں آخرت کو ماننے والا ہوں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ لانگ مارچ کے خلاف رانا ثنا اللہ جو تیاری کررہے ہیں ہماری تیاری ان سے بہتر ہے۔

عمران ںے دعویٰ کیا کہ  ن لیگ نے جعلی آڈیو بنائی ہیں اور  اس کے پیچھے مریم نواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر طرف سے مار کھارہے ہیں۔ انہوں نے جعلی آڈیوز بنائی ہیں، جو لیک کی جارہی ہیں۔ ن لیگ میں جعلی ویڈیوز بنانے کی ماہر مریم نواز ہیں۔