ہارس ٹریڈنگ پر عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہوگئی جس میں وہ ہارس ٹریڈنگ کے بارے میں بات کررہے ہیں۔
نئی آڈیو میں مبینہ طور پر سابق وزیر اعظم کو گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جس میں وہ کہہ رہے کہ 'آپ کی بڑی غلط فہمی ہے جناب نمبر گیم پوری ہوگئی ہے۔ ڈونٹ تھنک اِٹ اِز اوور، اب سے لے کر 48 گھنٹے اِز اے لانگ ٹائم۔ اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں'۔
آڈیو میں مبینہ طور پر عمران خان کہتے ہیں کہ 'نمبر ایسا ہے نہیں، ایسا مت سوچیں کہ سب ختم ہوگیا ہے، میں نے میسج دینا ہے کہ وہ جو پانچ ہیں نا وہ پانچ بڑے اہم ہیں۔ پانچ اراکین قومی اسمبلی تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس ہیں پانچ، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں جو ہم پبلک نہیں کر سکتے'۔
آڈیو میں مبینہ طور پر عمران خان کہتے ہیں کہ 'اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں وہ والا 5 سیکیور کردے نا، دس آجائیں نا تو گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔ اس وقت قوم الارم ہوئی وی ہے۔ لوگ چاہ رہے ہیں کہ کسی طرح ہم جیت جائیں، اس لیے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے۔ کوئی بھی حربہ ہو، ایک ایک بھی اگر کوئی توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بڑا فرق پڑتا ہے'۔
دوسری جانب مبینہ آڈیو لیکس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کیا اس طرح آوازیں جوڑ کر آپ این آر او 2 کو جائز ثابت کرلیں گے؟ یہ نہیں ہوگا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 'یہ آڈیوز جہاں بن رہی ہیں ان کا بھی لوگوں کو پتا ہے اور کیسے بن رہی ہیں ان کا بھی۔ اب فیصلہ حقیقی آزادی مارچ کرے گا'۔
خیال رہے اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان کی آڈیو سامنے آچکی ہیں۔ اس کے عبد حکومت نے وزیر اعظم ہاؤس سے آڈیو لیک ہونے کے معاملہ کی تحقیقت کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔