وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

  • ہفتہ 08 / اکتوبر / 2022

راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ گرفتاری کے لیے ٹیم تھانہ کوہسار پہنچی تاہم ایس ایچ او نے حکم کی تعمیل سے انکار کردیا۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انکوائری جاری ہے۔ انہیں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم وہ حاضر نہ ہوئے جس پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق رانا ثنا اللہ کے وارنٹ مقدمہ نمبر 20/19 میں اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے جاری کئے اور انہیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ پر کلر کہار میں نجی سوسائٹی کے مالک سے رشوت میں دو پلاٹ لینے اور غیرقانونی سوسائٹی کی رجسٹریشن کا الزام ہے۔  رانا ثنااللہ اس وقت وزیرقانون تھے ۔ اس کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز طلب کیا گیا تھا۔

وارنٹ جاری ہونے کے بعد چار رکنی اینٹی کرپشن کی ٹیم تھانہ کوہسار پہنچ گئی جس نے ایس ایچ او تھانہ کوہسار سے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے لیے نفری کی استدعا کی۔ ایس ایچ او تھانہ کوہسار نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروانے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم غلط تھانے میں آ گئی ہے۔ عدالت سے جاری وارنٹ پر فیصل آباد کا پتا ہے، رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں رہائش پذیر نہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق رانا ثنا اللہ کا نہ ہی کوئی دفتر تھانہ کوہسار کی حدود میں ہے۔ اینٹی کرپشن ٹیم کی آمد اور روانگی بھی تھانہ کوہسار میں نہیں ڈالی جائے گی، اینٹی کرپشن کی ٹیم کے پاس نامکمل وارنٹ گرفتاری تھے۔ تھانہ ایس ایچ او کے اس موقف کے بعد ٹیم تھانہ کوہسار سے واپس روانہ ہوگئی۔

ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثنا اللہ پر کلر کہار میں بسم اللہ فارم ہاوسنگ سوسائٹی میں شیڈول ریٹ سے انتہائی کم قیمت پر 2 فارم ہاؤسز بطور رشوت لینے کا الزام ہے۔ بسم اللہ فارم ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک اخلاق احمد پر اپنی غیر قانونی سوسائٹی کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو پلاٹ دینے کا الزام ہے۔

رانا ثنا اللہ اپنی اہلیہ نبیلہ ثنا اللہ کے ہمراہ بطور وزیر قانون بسم اللہ سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ دونوں پلاٹس رانا ثنا اللہ کی اہلیہ کو بلامعاوضہ بطور رشوت دیے گئے۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری، عمران خان کے خوف کی وجہ سے جاری ہوئے۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’انتشار، فساد، افراتفری پھیلانےکی سازش ہے تاکہ فارن ایجنٹ کی کرپشن، قومی سلامتی سے کھیل اور عوام کو بیوقوف بنانے کی چالوں سے توجہ ہٹائی جا سکے‘۔ مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان کے حکم پر وفاق پر حملہ کرنے کی تیاری ہے‘۔

دوسری جانب وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے وارنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی تھوڑی دیر میں پریس کانفرنس کریں گے‘۔