ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری گورنر سندھ مقرر کردیے گئے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
صدر مملکت نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کی شق ایک کے تحت دی ہے۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ کا عہدہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد سے خالی تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آج صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی تعیناتی کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان نے اپنی رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما کامران ٹیسوری کو پارٹی میں واپس شامل لیا تھا جنہیں اس سے قبل پارٹی کے اندر اس تقسیم کا ذمہ دار سمجھا جاتا رہا تھا جس کے نتیجے میں ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ کاروباری شخصیت کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر پارٹی ایم کیو ایم بہادر آباد اور ایم کیو ایم پی آئی بی میں تقسیم ہوگئی تھی۔
سینیٹ کی نشستوں پر ایم کیو ایم (پاکستان) کے 4 امیدواروں میں سے کامران ٹیسوری سمیت 3 امیدوار الیکشن ہار گئے تھے۔ بعد ازاں دونوں دھڑوں نے متحد ہوکر جولائی 2018 کے عام انتخابات ایک پلیٹ فارم سے لڑے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت نے عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ 17 اپریل 2022 کو منظور کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ایم کیو ایم (پاکستان) کے مرکزی رہنماؤں نے بااختیار قوتوں کے ساتھ ایک ملاقات کی جس میں کامران ٹیسوری کو ان کے سابق عہدے پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔