شیخوپورہ میں سوئے ہوئے 8 افراد کلہاڑی کے وار سے قتل کردیے گئے
شیخوپورہ کے گاؤں ہچر اور اس کے گردونواح میں 8 افراد کے قتل کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ہفتے کے روز ایک گھنٹے کے دوران ہونے والی قتل کی بہیمانہ وارداتوں نے مقامی افراد کو صدمے اور خوف و ہراس میں مبتلا کردیا ہے۔
ملزم فیض رسول کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مقامی نجی اسکول میں ٹیچر تھا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ملزم نے کلہاڑی اور لوہے کی راڈ سے متاثرین پر حملہ کیا۔ مشتبہ شخص کو پولیس نے چند روز قبل ایک شہری پر مبینہ طور پر کلہاڑی سے حملہ کرنے کی کوشش کے بعد حراست میں لیا تھا۔ تاہم اہل خانہ کی جانب سے یہ کہے جانے پر کہ ملزم ذہنی بیمار ہے پولیس نے اسے رہا کردیا تھا۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 8 مقتولین کی لاشیں مختلف گھروں، سڑک کے کنارے اور ہاچر گاؤں کے قریب کھیتوں سے ملیں۔ ایک پولیس کانسٹیبل ظفر اقبال نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اس نے 2 افراد کے قتل کے بعد ملزم کو فلنگ اسٹیشن کے قریب کلہاڑی اور آہنی راڈ کے ساتھ خون آلود کپڑوں میں دیکھا تھا۔
ملزم موٹرسائیکل پر موقع سے فرار ہوگیا جب کہ کانسٹیبل نے اس کا تعاقب شروع کرنے سے قبل پولیس کو آگاہ کیا۔ کانسٹیبل نے 4 سے 5 کلومیٹر تک اس کا تعاقب کرنے کے بعد اسے پکڑا۔ بعد ازاں مقامی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور ملزم کو نارنگ تھانے منتقل کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقتولین کے اہل خانہ سے رابطہ رکھیں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔