کیف سمیت یوکرین کے کئی شہروں میں میزائل حملے، متعدد ہلاک اور زخمی

  • سوموار 10 / اکتوبر / 2022

یوکرین کے دارالحکومت کیف کو کئی مہینوں کے سکون کے بعد پیر کی صبح دو دھماکوں نے ہلا کر رکھ دیا۔

کئی ہفتوں کی خاموشی کے بعد روس نے کیف کو صدر ولادی میر پوٹن کی جانب سے کرائمیا کے ایک پل پر یوکرین کے حملے کو دہشت گردی قرار دیے جانے کے بعد نشانہ بنایا ہے۔ کیف کے مرکزی پارک میں میزائل گرنے سے ایک بڑا گڑھا بن گیا، دھماکے سے کئی افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دارالحکومت کیف کے علاوہ روس نے ترنوبیل، زیتومیر، ڈینیرو اور کرمینچوک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں کے بعد یوکرین کے صدر ولادومیر زیلینسکی نے ٹیلی گرام پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ  ’وہ ہمیں مٹانا دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زاپوریزہزیا میں لوگوں کو اس وقت ہلاک کیا جب وہ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔ انہوں نے ڈینپو اور کیف میں لوگوں کو اس وقت ہلاک کیا جو وہ اپنے کام پر جا رہے تھے۔ یہ میزائل حملے تھے جن میں بدقسمتی سے لوگ ہلاک اور زخمی بھی ہوئے‘۔

اے ایف پی کی رپورٹ میں یوکرین کے ایک سینئر جنرل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روس نے یوکرین کے مختلف شہروں پر مجموعی طور پر 75 میزائل فائر کیے ہیں۔ ایک 39 سالہ ٹیچر سینیا نے اے ایف پی کو بتایا کہ جب پہلا دھماکہ ہوا تو ہم سو رہے تھے۔ دھماکے کی آواز سے جاگ کر ہم باہر نکلے کہ دیکھیں کیا ہوا ہے تو اسی دوران دوسرا دھماکہ ہو گیا۔

برطانیہ کے سیکرٹری جارجہ جیمز کلیولی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کیف سیمت یوکرین کے شہروں پر میزائل حملے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ولادی میر پوٹن کا یہ اقدام ان کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں یرکرین کے مختلف شہروں میں متعدد مقامات پر دھوئیں کے بادل بلند ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیف میں 5 افراد کے ہلاک ہوئے ہیں۔