شہباز شریف موسمیاتی تبدیلی کی عالمی تنظیم کے نائب صدر بن گئے
وزیراعظم شہباز شریف کو موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مسائل کے حل کی عالمی تنظیم (سی او پی 27) کی نائب صدارت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے۔ سی او پی27 کی صدارت مصر کے پاس ہے۔ کانفرنس آف پارٹیز کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کے لیے بڑا عالمی اعزاز ہے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو سی او پی27 کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم اور مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ کانفرنس آف پارٹیز کا اجلاس شرم الشیخ میں 6 سے 18 نومبر کو ہوگا۔
سی او پی 27 کے اجلاس میں عالمی لیڈر، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمے دار شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔ نائب صدارت کا منصب وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر دیا گیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کے 15 سے 16 ستمبر کو سمر قند میں ہونے والے اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کو ایس سی او تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔