ملالہ یوسف زئی سیلاب زدگان سے ملنے پاکستان پہنچ گئیں

  • منگل 11 / اکتوبر / 2022

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین سے ملنے کے لئے پاکستان پہنچی ہیں۔

ملالہ یوسف زئی اپنے والدین کے ہمراہ نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچیں۔ کراچی آمد پر ملالہ یوسف زئی کو پولیس کی جانب سے مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی۔ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سماجی مسائل بالخصوص بچیوں کی تعلیم کے لئے عالمی سطح پر کام کو سراہا تھا۔

وزیراعظم نے حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہی پر روشنی ڈالی تھی جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، وزیراعظم نے سیلاب سے تعلیمی انفراسٹرکچر پر مرتب ہونے والے اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے اس موقع پر تمام بچیوں کیلئے تعلیم کے حق کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بہت سے سکول تباہ ہوگئے۔ انہوں نے پسماندہ بچوں بالخصوص بچیوں کی مدد کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

ملالہ نے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے بالخصوص بچیوں کی تعلیم تک رسائی کیلئے پاکستان کی کوششوں کیلئے ملالہ فنڈ کی معاونت کا یقین دلایا۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انہیں خواتین کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملالہ کو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں قومی امن ایوارڈ برائے یوتھ سے بھی نوازا گیا تھا۔ پاکستان میں خواتین کی تعلیم اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو متعدد عالمی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2017 میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے انہیں اپنا سفیر برائے امن مقرر کیا۔

ملالہ یوسف زئی نوبل انعام حاصل کرنے والی کم عمر ترین شخصیت تھیں۔ انہیں یہ اعزاز 17 سال کی عمر میں دیا گیا تھا۔ ملالہ یوسف زئی دوسری پاکستانی ہیں، جنہوں نے نوبل انعام حاصل کیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979 میں فزکس میں نوبل انعام ملا تھا۔