بلوچستان: مستونگ میں بم دھماکے سے 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ یہ افراد دشت کے علاقے کابو میں دھماکہ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دھماکہ گزشتہ رات قتل ہونے والے شخص کی لاش اٹھانے والے افراد پر ہوا۔ ٹیوب ویل پر کام کرنے والے شخص کو گزشتہ رات قتل کرکے لاش ویرانے میں پھینکی گئی تھی جس کے بعد مقتول کے ورثا اور رشتہ دار اطلاع ملنے پر لاش اٹھانے کابو گئے تھے۔
لاش اٹھا کر جانے والے افراد بارودی سرنگ سے ٹکرائے۔ علاقے میں مائنز کی موجودگی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ لیویز فورسز کا کہنا ہے دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا جو اسپلینجی کے قریب کابو کے پہاڑی علاقہ میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب گزشتہ روز قتل ہونے والے شخص کی لاش اٹھا کر لوگ واپس آ رہے تھے۔ زخمی اور لاشیں کوئٹہ میں ایک ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
وزیر اعلی بلوچستان نے واقعے پر اظہار مذمت اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مشیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر مستونگ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایما پر بننے والے دہشت گردی کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے۔