آئی ایم ایف حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا

  • جمعہ 14 / اکتوبر / 2022

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے جہاں آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے آج امریکا میں عالمی مالیاتی ادارے کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انتونیت سایح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسحٰق ڈار نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ دوران ملاقات حکومت پاکستان کی ملکی معیشت کو استحکام بنانے کے حوالے سے پائیدار پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی مالیاتی ادارے کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت پاکستان کی پالیسی کو سراہا اور مستقبل میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اسحٰق ڈار نے پاکستان کے سماجی اقتصادی ترقی کے حوالے سے مسلسل تعاون پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کے بعد عالمی بینک کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی مدد کا بھی شکریہ ادا کیا۔ عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد سماجی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقبل میں بھی عالمی بینک حکومت پاکستان سے تعاون کرتا رہے گا۔

وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر سے بھی ملاقات ہوئی، اسحٰق ڈار نے پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کے دوران مارٹن ریزر کے دورہ پاکستان کو سراہا۔ عالمی بینک کے نائب صدرنے دورہ پاکستان کے دوران سیلاب سے تباہ کاریوں کے نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد کی اور یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں سیلاب اور تباہ کاریوں کے بعد اقتصادی مشکلات سے نمٹنے کے لیے مدد کرتے رہیں گے۔

اسحٰق ڈار کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجیسر سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں انہوں نے اسلامی بینک کے صدر کا پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ محمد سلیمان نے کئی دہائیوں سے پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان مضبوط تعلق کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی سیلاب زدگان کو امداد کی فراہمی اور معاشی استحکام کے لیے کی جانے والی کوشش کو بھی سراہا۔

اسحٰق ڈار نے جرمن ملٹی نیشنل بینک اور جے پی مورگن کے ساتھ ملاقات میں ملکی معیشت کو مستحکم اور سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کی حکومتی پالیسی کی وضاحت کی۔