تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کا میدان مار لیا، عمران خان 6 نشستوں پر کامیاب

  • سوموار 17 / اکتوبر / 2022

قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 6، پنجاب اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیاب حاصل کی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے 2 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

غیرحتمی نتائج کے مطابق ملتان سے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی امیدوار مہربانو کو شکست دی ہے۔ ملتان کے حلقے میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے سات حلقوں میں امیدوار تھے جن میں سے انہوں نے چھے میں کامیابی حاصل کی۔ این اے31 پشاور کا مکمل نتیجہ موصول ہوا جہاں عمران خان نے 57 ہزار 824 ووٹ لئے جبکہ پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار غلام احمد بلور  32 ہزار دو سو ووٹ لے سکے۔

مردان میں عمران خان غیرحتمی نتائج کے مطابق 76 ہزار 681 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیدوار محمد قاسم نے 68 ہزار 181 حاصل کیے۔ چارسدہ میں عمران خان  نے78 ہزار 589 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے مدمقابل امیدوار عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان 68 ہزار 356 ووٹ حاصل کرپائے۔

کراچی میں پی پی پی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے 32 ہزار 567 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 22 ہزار 493 ووٹ حاصل کرسکے۔

عمران خان نے این اے108 فیصل آباد 8 اور ای۔ اے118 ننکانہ صاحب اور این اے139 کورنگی میں بھی کامیابی حاصل کرلی۔ اسی طرح غیرحتمی نتائج کے مطابق پی پی209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب رہے۔  مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں سے ایک پر کامیابی ملی۔

ملک کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہے کہ ایک امیدوار نے 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑا اور چھے پر کامیابی حاصل کی۔