شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا

  • منگل 18 / اکتوبر / 2022

سپریم کورٹ آف پاکستان نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا۔ جمعرات کو جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

ملزم کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ فریقین کا پہلے ہی راضی نامہ ہوچکا ہے اور ملزمان کا دہشت پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ قتل کے واقعے کو دہشت گردی کا رنگ دیا گیا۔ عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کے ورثا کے ساتھ صلح ہوگئی تھی اور مدعی اور لڑکے کے والد اورنگزیب انہوں نے بیان دیا تھا کہ میں دل سے اور بغیر کسی جبر کے معاف کرتا ہوں جبکہ ان کی بیگم بھی گواہ تھی۔

سب ہی نے کہا کہ ہماری صلح ہوگئی ہے لہٰذا ملزم کو بری کیا جائے کیونکہ اس میں کوئی عذر نہیں اور اسلام بھی اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ معاملات کو الجھانے کے بجائے اسے خوشگوار انداز میں صلح کر لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے تمام ملزمان کو انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں بری کیا ہے۔ مقتول کے ورثا کے راضی نامے کو ہائی کورٹ نے تسلیم کرلیا تھا اور 302 سے استثنیٰ دیا تھا۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ 7 اے ٹی اے میں دہشت گردی پھیلانے کا مواد ہونا چاہیے، اس میں دہشت گردی پھیلانے کا کوئی عنصر تھا ہی نہیں، آدھی رات کو بچوں کا جھگڑا ہوتا ہے اور اس جھگڑے کے شاخسانے میں شاہ زیب کو دو گولیاں لگتی ہیں۔ لہٰذا اس میں کوئی دہشت گردی کا عنصر نہیں تھا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، صلح اور امن آشتی ہونی چاہیے، دونوں خاندانوں کے بہت اچھے تعلقات ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو دسمبر 2012 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس وقت کے چیف جسٹ افتخار محمد چوہدری نے مقدمے کا از خود نوٹس لیا تھا جس کے بعد پولیس نے مجرموں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا تھا۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 30 جون 2013 کو شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ مجرمان نے 2013 میں ہی سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

عدالت کی جانب سے سزائے موت سنانے کے چند ماہ بعد شاہ زیب کے والدین نے معافی نامہ جاری کردیا تھا جس کو سندھ ہائی کورٹ نے منظور کیا تھا۔ شاہ زیب کے والدین کی جانب سے معافی نامہ جاری کرنے کے بعد سزائے موت دہشت گردی کی دفعات کے باعث برقرار تھی۔ تاہم 11 نومبر 2017 کو سندھ ہائی کورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ تفتیش کا حکم جاری کردیا تھا۔