کور کمانڈرز کانفرنس میں نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم نے پاکستان کے مضبوط و محفوظ نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر اور ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر ایک بار پھر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر پاکستان نے اپنی جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ ملک کے حفاظتی انتظامات رائج عالمی معیار کے مطابق ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ سے متعلق بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک کانگریس کی مہم کمیٹی کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ’پاکستان میرے خیال میں شاید دنیا کی خطرناک ترین قوموں میں سے ایک ہے کیونکہ ان کے جوہری ہتھیار غیر منظم ہیں‘۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفترخارجہ طلب کرکے صدر جو بائیڈن کے جوہری اثاثوں کے حوالے سے اس بیان پر احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کی ناراضی سے آگاہ کیا گیا تھا۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے متنازع اور ہنگامہ خیز بیان کے چند گھنٹے بعد ہی وائٹ ہاؤس نے پاکستان کو یقین دلایا کہ امریکی صدر مضبوط اور خوشحال جنوبی ایشائی نیوکلیئر طاقت کے حامل ملک کی حمایت کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے آج جاری کیے گئے بیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی بغور جائزہ لیا۔ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کو فراہم کیے گئے تعاون سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔