کالعدم تحریک طالبان کا صوبائی وزیر سے بھتے کا مطالبہ کردیا

  • بدھ 19 / اکتوبر / 2022

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے مبینہ خط میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عاطف خان سے لاکھوں روپے بھتے کا مطالبہ کردیا۔

صوبائی وزیر خوراک، کھیل و امور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف کو خان کو ایک کالعدم تنظیم نے خط لکھ کر تنبیہ کی کہ آپ ٹی ٹی پی مردان کے مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

ڈان کے پاس دستیاب کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ خط کی نقل کے مطابق صوبائی وزیر کو کہا گیا کہ ہم آپ کو بہت نزدیک سے جانتے ہیں، آپ کا تمام ڈیٹا اور ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔ آپ ٹی ٹی پی کے مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں، آپ کی باری آچکی ہے۔ خط میں دھمکی دی گئی ہے کہ اس فہرست سے نکلنے کے لیے آپ کو ہمارا مطالبہ ماننا پڑے گا یا اپنی زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

خط میں کہا گیا کہ آپ سے ہمارا مطالبہ 80 لاکھ روپے کا ہے، ہمیں تین دن میں جواب چاہیے۔  عاطف خان نے کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے بھتے کی رقم کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کی طرح مجھ سے بھی بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم اس سوال پر کہ کیا وزیر اعلیٰ کے بھائی کو بھی بھتے کی پرچی ملی ہے؟ انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کا مجھے علم نہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے خط متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، آگے ان کا کام ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت بھتے کی کالوں کو بالکل برداشت نہیں کرے گی۔ جس کسی کو بھی ایسی کال یا خط ملے وہ پولیس کو آگاہ کرے۔ ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر عاطف خان کو موصول ہونے والے خط سمیت دیگر اس طرح کی کالز کی تحقیقات کی جائیں گی اور قانون کے مطابق اس پر ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض جرائم پیشہ افراد کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں کی جارہی ہیں، صوبائی حکومت ان کا مکمل سدباب کرے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سینیٹ کی کمیٹی برائے دفاع کو ایک بریفنگ میں سیکیورٹی حکام نے ٹی ٹی پی کے دوبارہ سر اٹھانے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مبالغہ آرائی قرار دیا تھا۔