ایف اے ٹی ایف اجلاس سے قبل چین نے پاکستان کے خلاف بھارتی ہتھکنڈے ناکام بنا دیے

  • جمعہ 21 / اکتوبر / 2022

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہم اجلاس سے چند روز قبل چین نے اقوام متحدہ میں پاکستان کو بدنام کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے کو ناکام بنا دیا۔ سنگاپور کی صدارت میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں ہو رہا ہے۔

اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہنے کے بعد رواں ہفتے پاکستان کا نام بالآخر گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں ڈالنے پر غور کیا جائے گا۔

18 اکتوبر کو بھارت نے شاہد محمود کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، 2016 میں امریکا نے شاہد محمود کو لشکر طیبہ کا مالی سہولت کار قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ 19 اکتوبر کو بھارت نے ایک بار پھر لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہ سعید کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی تجویز دی تھی۔

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اس طرح کے گروپ پر پابندی عائد کرنے کی تجاویز سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بھارتی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے ڈان کو بتایا کہ کالعدم تنظیموں کو بلیک لسٹ کرنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کے بھارتی اقدام کا مقصد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو حاصل بھارتی سرپرستی سے توجہ ہٹانا ہے۔

بھارت، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاک چین اقتصادی تعاون کو تباہ کرنے کے لیے چینی اہداف پر بھی حملہ کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیا لیکس کے ذریعے بھارت کی جانب سے یہ مہم شرپسندی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے سرکاری لیکس کے ذریعے پاکستان کے خلاف بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا ہو۔ بیان میں کہا گیا کہ ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف پاکستان کے مثبت اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔

اجلاس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں پر شکوک و شہبات پیدا کرنے اور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے جون 2022 کے اجلاس میں اتفاق کیا تھا کہ پاکستان نے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلان کے تمام بنیادی ضروریات کو پورا کیا ہے۔