سیاسی عدم استحکام کے سبب انڈیکس میں 632 پوائنٹس کی کمی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی تجارت کے دوران شیئرز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ معاشی تجزیہ کاروں نے اسے پی ٹی آئی کی جانب سے 28 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کے اعلان کے بعد سیاسی عدم استحکام کے خدشات سے منسلک کیا ہے۔
کاروبار کے دوران 11 بج کر 17 منٹ پر اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 632 پوائنٹس یا 1.5 فیصد کمی کے بعد 41 ہزار 557 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ریسرچ سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے 28 اکتوبر کو اسلام آباد تک لانگ مارچ شروع کرنے کے اعلان کی وجہ سے انڈیکس دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ جب تک معیشت کو مستحکم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کی کوششوں میں رکاوٹ نہیں ڈالتا اس وقت تک اس کے منفی اثرات دیرپا نہیں ہوں گے۔
فرسٹ نیشنل ایکویٹیز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ مارکیٹ میں مندی کے رجحان کی صرف ایک وجہ ہے اور وہ ہے جمعے کے روز شروع ہونے والا لانگ مارچ۔ مارکیٹ پیر کے روز سے دباؤ کا شکار تھی اور اس کی وجہ عمران خان کا وہ بیان اور اعلان تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ رواں ہفتے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اس کے علاوہ معاشی اشاروں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
چیف ایگزیکٹو افسر اے کے وائی سیکیورٹیز امین یوسف نے بھی عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کو منفی رجحان کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ سیاسی عدم استحکام سے پریشان اور تحفظات کا شکار ہیں۔