گلگت بلتستان بھی جلد بھارت کا حصہ بنے گا: بھارتی وزیردفاع

  • جمعہ 28 / اکتوبر / 2022

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان جلد بھارت کا حصہ ہوگا تاکہ نریندر مودی کے اس خواب کی تکمیل ہوسکے جس کا آغاز اگست 2019 میں مقبوضہ کمشیر کے بھارت میں انضمام سے ہوا تھا۔

راج ناتھ سنگھ 27 اکتوبر کو کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں اور کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی یاد میں تقریب سے خطاب کیا۔ یاد رہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے اُس وقت کے حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کے ساتھ الحاق کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

وزیردفاع کا دعویٰ کیا کہ 1994 میں وزیراعظم نارسیما راؤ کے دور حکومت میں بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے گلگت بلتستان کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد سے منسلک ہے۔ لیکن اس کے بعد دو واقعات بھی ہوئے جس کی وجہ سے نئی دہلی میں ایک نئی بحث شروع ہوئی۔

پہلا اہم واقعہ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ آزاد کشمیر تھا۔ یہ دورہ اس دن ہوا جب جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے بھی مسئلہ کشمیر کے تنازع پر تشویش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں بھارت نے امریکا اور جرمنی کے اقدامات پر سخت تنقید کی تھی۔ امریکی سفارت خانے نے ٹوئٹر پر ڈونلڈ بلوم کی ٹوئٹ شیئر کی تھی جنہوں نے کہا تھا کہ آزاد جموں اور کشمیر کا پہلا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بعد کشمیر اور لداخ میں کامیابی کے راستے کھلے ہیں، یہ ابھی شروعات ہے۔ ہمارا مقصد تب پورا ہوگا جب گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقے (جو پاکستان کے قبضے میں ہیں)، بھارت کے ساتھ دوبارہ منسلک ہوجائیں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب 1947 کے مہاجرین کو انصاف ملے گا اور وہ لوگ اپنے گھروں کو واپس آئیں اور اپنی زمین حاصل کریں گے۔